بھارت سرینگر میں G20اجلاس منعقد کر کے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے
پیرس10اپریل (کے ایم ایس )
صدر جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال کہا ہے کہ بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارت نے کشمیری عوام کا قافیہ حیات تنگ کررکھا ہے اوربھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
آصف جرال نے فرانس میں افطار پارٹی کا اہتمام کیاگیاجس میںپاکستانی سفارتخانے کے عملے کے ارکان کے علاوہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سرینگر میں G20کا اجلاس منعقد کرواکے دنیا کو مقبوضہ علاقے کے بارے میںگمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے جہاں لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روز کا معمول بن گئی ہیں ۔ آصف جرال نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بلند کریں اور بھارتی چیرہ دستیوں کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی قابض افواج مقبوضہ علاقے میںوار کرائمز میں ملوث ہے اورعالمی براری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے قتل عام پر جواب دہ ٹھہرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔