27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پربرسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا: علی رضا
برسلز: کشمیر کونسل ای یو نے 27اکتوبر کویوم سیاہ کے موقع پر بیلجم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیری، پاکستانی،کشمیریوں کے ہمدرد اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرے کے انتظامات کے لیے ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس سمیت دیگر کشمیری تنظیمیں بھی تعاون کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مظاہرے کے اہتمام کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ویبینار کے انعقاد اور برسلز میں یورپی شخصیات سے ملاقاتوں سمیت کشمیرکونسل ای یو کے عہدیداروں کی دیگر مصروفیات بھی شامل ہیں۔ علی رضاسید نے کہاکہ پچھلی سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں و کشمیر کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم اس غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے خلاف بھارت کے جارحانہ و ظالمانہ رویے پر خاموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم احتجاج کرکے ایک طرف عالمی برادری سے مطالبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں مدد کرے۔دوسری طرف ہم بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادانہ ماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ افسوس سے کہناپڑتاہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبارہاہے اور مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کوقتل کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ہمارے بھائی اور بہنیں گزشتہ سات عشروں سے زائد مدت سے بھارتی ظلم و ستم کا شکارہیں۔ روزانہ کی بنیادوں پر بھارت کے ریاستی ادارے انہیں کچلنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وادی کشمیر میں بھارتی پولیس اوردیگر فورسزکشمیریوں کو قتل کررہی ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے تشدد، خوف و ہراس اور خواتین کی بے حرمتی روزمرہ کا معمول ہے۔