مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کویوم سیاہ کے طوپر منائیں گے

سرینگر14اگست(کے ایم ایس)
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایاجا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور تمام حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ جگہ جگہ سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے کئے جائیں گے۔
ادھر قابض حکام نے وادی کشمیر بالخصوص سرینگر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔پورے علاقے میں زمینی اور فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میںجہاںسرکاری تقریب منعقد ہونی ہے ، کے ارد گرد بھارتی پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری تعینات اور نئے بنکراور رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔پابندیوں کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام نے آج پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا۔ وادی کشمیر میں مختلف مقامات پرنوجوانوں نے چھوٹے چھوٹے گروپوں کی شکل میں اکٹھے ہو کر پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ بعض علاقوں میں کشمیریوں نے نے اپنے گھروں پر پاکستانی پرچم بھی لہرا ئے۔ جیسے ہی گھڑی نے نصف شب کو 12بجائے کشمیریوں نے بغیر کسی خوف کے پاکستان کے یوم آزادی پر اپنی خوشی کے اظہار کیلئے پٹاخے چلائے ۔
دریںا ثناء نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ جموںو کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے بھارت کو غاصب ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم اور ان کی مادر وطن پرغیر قانونی طورپر قبضہ رکھاہے اسے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے بر خلاف مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور اسے کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح مقبوضہ کشمیرکے عوام کل بھی بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے اپنا یوم آزادی منانابلاجواز اور نامناسب ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button