بھارت نے پنجاب کی سب سے بڑی نہر مرالہ راوی لنک کا پانی روک دیا ہے
لاہور 02جولائی(کے ایم ایس)بھارت نے پنجاب کی سب سے بڑی نہر مرالہ راوی لنک کا پانی روک دیا ہے اور تین ماہ گزر جانے کے باوجود نہری پانی نہ ملنے کی وجہ سے لاہور ،شیخوپورہ ،نارووال ،سیالکوٹ ،بہاولپور اور بہاولنگر کی لاکھوں ایکٹر اراضی پر دھان کی فصل کاشت نہیں ہو سکی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورذی کرتے ہوئے مذکورہ نہری پانی اپنے بجلی کے منصوبے کو فراہم کر رہا ہے جس سے 540میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔مرالہ راوی لنک میں ہر سال 14اپریل کو پانی رواں ہو جاتا تھا تاہم اب کئی ماہ کی تاخیر کے باوجود زمیندار طبقہ انتہائی پریشان ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتیں کئی گنا بڑھ جانے کے باعث زمیندار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں ۔مذکورہ نہر کے پانی کی اشد ضرورت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ضلع سیالکوٹ کا ایک لاکھ اڑتالیس ہزار رقبہ اس نہر کے پانی سے سیراب ہو جاتا ہے۔ بہاولپور اوربہاولنگر تک نہری پانی جو راوی اور ستلج کے ذریعے پہنچتا ہے،نہیں پہنچ سکا ہے اورکسان کئی ماہ سے چاول کی کاشت کیلئے پریشان ہیں۔ مزید تاخیر سے ہزاروں زمینداروں کا معاشی قتل ہو گا ۔مذکورہ اضلاع کے زمینداروںنے حکومت سے اس معاملے پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔