کانگریس بی جے پی کے جعلی بیانیہ اور تقسیم کی پالیسیوں کو شکست دیگی ، وقار رسول وانی
جموں 18اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ کانگریس بھارتیہ جنتا پارٹی کے جعلی بیانیہ ، سیاسی استحصال اور تقسیم کی پالیسیوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار رسول وانی نے بانیہال میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے اور وہ جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جو کہ اقتدار کی ہوس میں مودی حکومت کا اولین ہدف بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بی جے پی حکومت یہ بلند وبانگ دعوے کر رہی ہے کہ جموں و کشمیر ترقی کر رہا ہے اور لوگ خوش ہیں تاہم اسکے دعوے مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال کے برعکس ہیں ۔انہوں نے کہاکہ درحقیقت کشمیری عوام کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اورانہیں معاشی بدحالی اور شدیدبے روزگاری کا سامنا کرنا۔وقار رسول وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کوبیوروکریٹس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جو کشمیرمیں ترقی کے دعوے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کی بات نہیں سنی جا رہی ہے اوران کی شکایات دور نہیں کی جارہی ہیں۔