”بی جے پی“ کو اقتدار سے بے دخل کرنا بھارت کے مفاد میں ہے،آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ
لکھنو31اگست(کے ایم ایس)
آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے کہا ہے کہ بی جے پی کو شکست دینا اور اقتدار سے بے دخل کرنا بھارت کے مفاد میں ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فرنٹ کے سربراہ اور رکن بھارتی پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل نے دیو بند میں پارٹی اجلاس کے دوران کہا کہ بی جے پی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعے حزب اختلاف کی زبان بند رکھنا چاہتی ہے لیکن اس حکومت کی بدحواسی اور سراسیمگی اس بات کا پتہ دیتی ہے کہ اب اسکے جانے کا وقت قریب آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں ، جو کچھ ہریانہ کے نوح اور منی پور میںہوا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ، مظفر نگر میں ایک مسلم طالب علم کے ساتھ جو نفرت انگیز معاملہ پیش آیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت اور باعث افسوس ہے ۔
آل انڈیا یونائیٹڈڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ نے کہا کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتی فرقوں کے حالات نہایت خراب اور ناگفتہ بہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت میں مدارس اسلامیہ کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ، مدارس کے وجود سے ہی ہمار مذہبی تشخص باقی ہے ، یہ مدارس ہی ہیں جن کی وجہ سے بھارت آزاد ہوا تھا۔ مولانا بدرالدین اجمل نے مزید کہا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر ہماری پارٹی غیر مشروط طور پر حزب اختلاف کے اتحاد”انڈیا“ کا ساتھ دے گی۔