مقبوضہ جمو وکشمیر : بھارتی فوج راجوری، پونچھ اضلاع میں 8 سو مزدور بھرتی کرے گی
اقدام پاکستان کیخلاف مودی حکومت کی مہم جوئی کا حصہ ہو سکتا ہے، تجزیہ کار

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں8سو مزدور بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ دفاعی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں مزدوروں کی بھرتی کا اقدام پاکستان کے خلاف مودی حکومت کی ممکنہ مہم جوئی کا حصہ ہو سکتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج بھرتی کی یہ مہم 12 مارچ سے 19 مارچ تک راجوری اور پونچھ اضلاع کنٹرول لائن کے نزدیک کئی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز میں چلائے گی ۔ اس حوالے سے ایک نئی فوجی مزدور (پوٹر) کمپنی تشکیل دی جائے گی اور پہلے مرحلے میں 8سو مزدور بھرتی کیے جائیں گے جن میں سے 200 کا بطور ریزرو پورٹر اندراج کیا جا ئے گا۔
بھرتی مہم پونچھ اور راجوری اضلاع کے بلنوئی، نوشہرہ، بھمبر گلی، مینڈھر اور منجاکوٹ علاقوں کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز میں ہوگی۔ 18 سے 40 سال کی عمر کے درخواست دہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ شناختی دستاویزات، پولیس کی تصدیق اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ رپورٹ کریں۔







