نیشنل کانفرنس عوام کیطرف سے دیے گئے مینڈیٹ کیساتھ کھلواڑ کر رہی ہے، آغا روح اللہ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے سرینگر حلقے سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے اپنی ہی پارٹی نیشنل کانفرنس کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2024کے اسمبلی انتخابات میں 370کی بحالی کے نام پر ووٹ لینے یہ جماعت اب محض ریاستی درجے کی بحالی پر زور دے رہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ مہدی نے سرینگر کے علاقوں چھانہ پورہ اور باغات کے رہائشیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہاکہ کشمیریوں نے گزشتہ انتخابات میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے نام پر نیشنل کانفرنس کو ووٹ دیے تھے لیکن اب حوالے سے بات کرنے کے بجائے محض ریاستی درجے کی بحالی کی بات کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کا وعدہ تو بی جے پی نے بھی کیا تھا لیکن لوگوں نے اسے مسترد کردیا۔ انہوںنے کہا کہ نیشنل کانفرنس جو کچھ کر رہی ہے وہ لوگوں کی طرف سے دیے گئے مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ آغاروح اللہ نے کہا کہ تقریبا دو برس کا عرصہ بیت گیا لیکن وہ خصوصی حیثیت کی بحالی اور آئینی تحفظات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کر رہا ہے جو افسوسناک ہے۔
آغا روح اللہ نے کئی دہائیوں سے مقامی نوجوانوں کے زیر استعمال کھیلوں کے میدان پر قبضے کی کوشش پر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو کھیل کیلئے ہی رہنے دیا جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں پولیس کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی گئی تھی لہذا وہ ہمارے بچوں سے کھیل کے میدان چھینے کے بجائے کہیں اور زمین خرید سکتی ہے ۔







