مقبوضہ وادی کشمیر:بجلی کی مسلسل بندش سے لوگ سخت پریشان
سرینگر07 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں وادی کشمیر کے لوگ سخت ترین سردی کے ان ایام میں بجلی کی مسلسل بندش کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامناکر رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں متواتر پاور بریک ڈاﺅن نے متعدد قصبوں اور دیہات کو تاریکی میں ڈوبا کر رکھ دیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی کے درمیان وادی میں بجلی کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور اسکی مسلسل بندش سے لوگ سخت پریشان ہیں جبکہ طلباءکو پڑھائی میں دشوار ی کا سامنا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی فیس باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام االاوقات کو راتوں رات خفیہ طور پر تبدیل کر دیا جاتا ہے ۔ لوگوں نے کہاکہ دھرنوں اور احتجاج کے باوجود محکمہ بجلی والے ٹس سے مس نہیں ہو رہے اور ان کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔