کشمیری نمائندوں کی طرف سے سری لنکاکے رکن پارلیمنٹ کو کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں بارے بریفنگ
جنیوا:
کشمیری نمائندوں ڈاکٹر ولید رسول اور ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے آج جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر سری لنکا کی رکن پارلیمنٹ وانسنتھا یاقابندرا سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی حکومت کے مذموم منصوبے سے آگاہ کیا۔
ونسنتھا یاقابندرا کو یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کرکے بین الاقوامی معاہدوں اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوئوں کو جموں وکشمیر میں آباد کرنے کے لیے قوانین رائج کئے تھے۔ ملاقات میں بھارتی عدلیہ کے امتیازی سلوک خصوصا دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف دائر عرضداشوںکی حالیہ سماعت کے دوران بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے منفی بیانات کے حولے سے بھی سری لنکا کے رکن پارلیمنٹ کو بتایا گیا۔یاقابندرا نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو سری لنکا کی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اورمقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مودی حکومت کی کوششوں کو زیر بحث لانے کی کوشش کریں گے۔