صدر بائیڈن سکھ لیڈر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں ، جان کربی
واشنگٹن 21ستمبر (کے ایم ایس)
امریکہ کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کینیڈین وزیر اعظم کی طرف سے ملک میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جان کربی نے واشنگٹن میں امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ صدر بائیڈن نے بھارت پر زور دیا ہے کہ قتل کی تحقیقات کیلئے تعاون کرے۔انہوں نے کہاکہ صدر بائیڈن ان الزامات کی تحقیقات کیلئے کینیڈا کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ادھر وائٹ ہائو س کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہاہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے حوالے سے لگائے گئے الزامات پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کینیڈین شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ ایڈرین واٹسن نے مزید کہا کہ کینیڈا کی تفتیش کا آگے بڑھنا بہت اہم ہے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔