مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں شدید برفانی طوفان، صرف 15 گھنٹوں میں 5 فٹ تک برفباری

سرینگر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ، سرینگر جموں ہائی وے بھی ٹریفک کیلئے بند

سرینگر: غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں شدید برفانی طوفان کے دوران صرف 15گھنٹوں کے دوران پانچ فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر میں ایک انتہائی شدید اور کم وقت میں آنے والے برفانی طوفان نے موسم سرما کی صورتحال کو یکسر بدل کر رکھ دیاہے اور محض 15گھنٹوں کے دوران کئی بالائی علاقوں میں پانچ فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔پیر پنجال کے قریبی علاقوں میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوپیان کے میدانی علاقوں میں ڈیڑھ سے تین فٹ تک جبکہ بالائی علاقوں میں پانچ فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے ، جو اتنے کم وقت میں غیر معمولی برفباری ہے۔ برفانی طوفان نے بڈگام، پلوامہ، کولگام، کپواڑہ اور بارہمولہ کے متعدد علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ان علاقوں کی بالائی چوٹیوں اور دشوار گزار مقامات پر بھی پانچ فٹ تک برف پڑی ہے ۔کشمیر ویدر کے مطابق یہ برفانی طوفان اس لیے بھی غیر معمولی تھا کہ نہ صرف اس کی شدت زیادہ تھی بلکہ اس کی رفتار بھی انتہائی تیز تھی، جس کے دوران مختصر وقت میں ریکارڈ برفباری ہوئی ۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق عموما24سے 48گھنٹوں میں 5فٹ تک برف پڑسکتی ہے تاہم اس مرتبہ محض چند گھنٹوں میں اتنی شدید برف باری ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ مقبوضہ علاقے میں موسم کی غیر متوقع تبدیلیوں کی طرف ایک اشارہ ہے ۔شدید برفباری کے باعث کئی بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، بجلی سپلائی بری طرح متاثر اور متعدد مقامات پر درخت گرنے، گاڑیوں کے پھنسنے اور ٹرانسپورٹ معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔برف ہٹانے کیلئے مشینری کو کئی اہم سڑکوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھرشدید برفانی طوفان کی وجہ سے سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کردیاگیاہے۔سرینگر کے ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایاہے کہ شدید برفباری کی وجہ ائیر پورٹ سے فلائیٹ آپریشن مکمل طورپر معطل کردیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ائیر پورٹ سے تمام 26پروازوں کو منسوخ کر دیاگیاہے،جن میں دلی، ممبئی، بنگلورو، حیدرآباد، احمد آباد اور جموں کی پروازیں بھی شامل ہیں۔قابض حکام کے مطابق سرینگر جموں ہائی وے پر نیویوگ ٹنل کے قریب تازہ برف باری کے بعد ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیاگیاہے ۔ وادی کشمیر میں شدید برفباری کی وجہ سے بیرونی دنیا سے مقبوضہ کشمیر کے سڑک، ریل اور فضائی رابطے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
سرینگر جموں ہائی وے کے علاوہ، مغل روڈ، سرینگر-سونامرگ-گمری روڈ اور سنتھن روڈ کو بھی برف باری کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button