بھارت :مردم شماری کے قواعد میں مودی حکومت کی ترمیم
شمار کنندگان کی تقرری کے لیے اہلیت کا دائرہ وسیع
نئی دہلی :بھارت میں مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت نے مردم شماری کے قواعد 1990 میں ترمیم کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کوسرکاری ملازمین کے علاوہ امداد یافتہ یا غیر امداد یافتہ نجی اداروں کے اساتذہ اور ایسے کسی بھی شخص کو شمار کنندہ مقرر کر نے کی اجازت دی ہے جسے حکام اس کام کے لیے موزوں سمجھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے رجسٹرار جنرل مرِتیونجے کمار نارائن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ اساتذہ، کلرکوں، کسی بھی سرکاری اہلکار یا کسی دوسرے شخص کو مردم شماری کا افسر مقرر کرکے شمار کنندہ کی ذمہ داریاں سونپ سکتی ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ درج ذیل افراد کو مردم شماری کے افسران کے طور پر مقرر کیا جا سکتا ہے:
1۔ سرکاری تعلیمی اداروں، مقامی حکام، امداد یافتہ یا غیر امداد یافتہ نجی اداروں، سوسائٹیوں یا ٹرسٹوں کے اساتذہ۔
2۔ مرکزی یا ریاستی حکومت، مقامی اتھارٹی یا کسی ادارے کے کلرک یا دیگر اہلکار۔ ان اداروں میں سرکاری شعبے کے ادارے، بینک، کمپنیاں، تعلیمی ادارے، سوسائٹیاں اور ٹرسٹ شامل ہیں۔
3۔ کوئی بھی ایسا شخص جسے ریاستی حکومت یا مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کی انتظامیہ اس کام کے لیے موزوں سمجھے۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ اور جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے مودی حکومت کی جانب سے مردم شماری کے قواعد میں تبدیلیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے پیچھے بہت سی شرارت پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کو راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے تربیتی کیمپ کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے جو حکمران بی جے پی کی نظریاتی سرپرست تنظیم ہے۔ آر ایس ایس نے 10 سے 12 جولائی تک اپنے کارکنوں کے لیے تربیتی کیمپ منعقد کیا تھا جس کا واحد ایجنڈا مردم شماری 2027 تھا۔
جے رام رمیش نے مردم شماری کے قواعد میں تبدیلیوں کو وزارتِ داخلہ کی جانب سے 26 مئی 2026 کو قائم کی گئی آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی سے بھی جوڑاہے۔ اس کمیٹی نے ملک میں آبادیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھارتی اور غیر ملکی تنظیموںسمیت عوام سے تجاویز اور معلومات طلب کی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کمیٹی کی واحد اعلیٰ سطحی خصوصیت اس کے ارکان کی آر ایس ایس کے نظام سے وابستگی ہے۔ اس لیے ہمیں معلوم ہے کہ یہ معلومات کہاں سے آئیں گی۔ 16 اکتوبر 2026 کا مردم شماری سے متعلق نوٹیفکیشن 10 سے 12 جولائی 2026 کے آر ایس ایس تربیتی کیمپ اور 14 اکتوبر 2026 کو آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق کمیٹی کی جانب سے تجاویز طلب کیے جانے کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
یہ واضح ہے کہ ہزاروں آر ایس ایس اور بی جے پی کارکنوں کے لیے روزگار کی ضمانت کی اسکیم لائی جا رہی ہے۔جے رام رمیش نے یہ باتیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک تفصیلی پوسٹ میں لکھیں۔









