کسی بھی مہم جوئی کا جواب دشمن کی سوچ اورتصور سے کہیں بڑھ کر دیا جائے گا:جنرل عامر رضا
کاکول: نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (CNSC) کے کمانڈر جنرل عامر رضا نے ہفتے کے روز ملک کے دشمنوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی غلط اندازے کا جواب حملہ آور کی سوچ اور تصور سے کہیں بڑھ کر دیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنرل عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 154ویں لانگ کورس کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری سرحدوں کے پار دشمنانہ عزائم رکھنے والوں کے لیے ہمارا عزم پختہ اور غیر مبہم ہے۔ جوہری ہتھیاروں کے ماحول میں تصادم یا جنگ کی کوئی گنجائش نہیں اور کسی بھی غلط اندازے کا جواب اقدام کرنے والے کی سوچ یاتصور سے کہیں بڑھ کر دیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی مسلح افواج ہر قیمت پر وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ کی یہ تنبیہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیان کے بعد سامنے آئی ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ سرحد پار سے کسی بھی نئی دہشت گردانہ کارروائی کا جواب ماضی سے بھی زیادہ بڑے حملے کی صورت میں دیا جائے گا۔
جنرل رضا نے کہا کہ ملک کے دشمن منظم انداز میں جھوٹی خبریں پھیلا کر اور بیانیے کی جنگ کے ذریعے پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد دشمنوں نے پراکسی دہشت گردی میں اضافے اور روایتی جنگ سے ہٹ کر محدود نوعیت کی جنگی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کے سماجی اتحاد اور ریاستی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
جنرل رضا نے کہا کہ دشمن عناصر قومی اتحاد کے خلاف پراکسی قوتیں تیار کرنے کے لیے ملک کی اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ براہِ راست ہمارے عوام کی سلامتی اور اس آزادی کے خلاف لڑی جارہی ہے جو ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اس حقیقت کا مکمل ادراک رکھنا چاہیے کہ ملک کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ناگزیر ہے جسے ہم ہر قیمت پر اور ہر صورت میں برقرار رکھیں گے۔
نئے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدم، اپنے عزم میں غیر متزلزل اور نقصاندہ پروپیگنڈے اور بیانیے کی جنگ سے محفوظ رہنا چاہیے۔
جنرل رضا نے کہا کہ عالمی جغرافیائی سیاست میں حالیہ تبدیلیوں خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تنازعے کے تناظر میںبین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہم اسٹریٹجک حیثیت ایک بار پھر نمایاں ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقائی استحکام کی بحالی میں ہمارا فیصلہ کن کردار جس کی نمایاں مثال تاریخی اسلام آباد معاہدہ ہے، امن اور سفارت کاری کے لیے ہماری مستقل وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ پائیدار امن کے اسی وژن کا تسلسل ہے۔
فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فلسطین میں جاری المیے پر ہمارے دل بوجھل ہیں جہاں معصوم مرد، خواتین اور بچے مسلسل ناقابلِ بیان مشکلات اور منظم جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی سیاسی ،سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔






