سی جے پی کے خلاف مودی حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں پرامریکی قانون سازوں کااظہارتشویش
مارکو روبیو سے سی جے پی کے ساتھ بھارتی حکومت کے ناروا سلوک کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ
واشنگٹن: امریکی قانون سازوں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے ساتھ بھارتی حکومت کے ناروا سلوک کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکہ کے چھ ڈیموکریٹک قانون سازوں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے آئندہ دورہ بھارت کے دوران بھارتی حکام کے سامنے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ حکومت کے ظالمانہ رویے کا معاملہ اٹھائیں۔
قانون سازوں میں پرمیلا جے پال، الہان عمر، جم میک گورن، راشدہ طلیب، ایلینور ہومز نورٹن اور جیسس گارشیا شامل ہیں۔انہوں نے مارکو روبیو کو خط میں طلباءمظاہرین کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال، گرفتاریوں اور نگرانی پر تشویش کا اظہار کیا۔امریکی قانون سازوں نے الزام لگایا کہ واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے اور امریکہ کے مختلف شہروں میں بھارتی قونصل خانوں نے کاکروچ جنتا پارٹی کے حق میں مظاہرے کرنے والوں کی نگرانی کے لیے فوٹوگرافرز تعینات کیے۔ انہوں نے ان الزامات کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔
قانون سازوں نے بھارت میں انتخابی فہرستوں سے بڑی تعداد میں ووٹرز کے نام خارج کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اظہارِ رائے، پرامن اجتماع اور ووٹ دینے کا حق جمہوری معاشروں کی بنیادی اقدار ہیں۔
ادھر امریکہ میں بھارتی سفیر ونائے موہن کواترا نے پرمیلا جے پال کے بیان کو بھارت کے داخلی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت قرار دیا ہے۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مارکو روبیو اگلے ہفتے بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں ان کی بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات متوقع ہے۔









