لندن: کشمیر کانفرنس کے مقررین کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت
لندن14 دسمبر (کے ایم ایس) برطانوی دارلعوام میں منعقدہ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے شرکاءکی طر ف سے منظور کی گئی قرارداد میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی اور تنازعہ کشمیر کے فوری حل اور محمد یاسین ملک سمیت غیر قانونی طو ر پر نظر بند تمام حریت نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
کانفرنس کا اہتمام جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ شاخ نے کیا تھا۔ کانفرنس سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے کارکنوں، دانشوروں اور برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے مختلف رہنماو¿ں نے خطاب کیا۔
لندن میں جے کے ایل ایف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معروف کشمیری پنڈت رہنما سمپت پرکاش اور مشال ملک نے بھی کانفرنس سے آن لائن خطاب کیا۔
یہ کانفرنس انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں منعقد ہوئی۔ محمد یاسین ملک اور دیگر سیاسی قیدیوں کی غیر منصفانہ عمر قید اور جلد رہائی، مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات اور مسئلہ کشمیر کے باوقار حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ڈپلومیٹک بیورو کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان کی سرپرستی اور نگرانی میں منعقد ہوئی۔
پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کی طرف سے جاری کے گئے بیان کے مطابق ممبر یوکے پارلیمنٹ تنمن جیت سنگھ ڈیسائی، لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ریچل ہاپکنز، لارڈ قربان حسین، لیبر پارٹی ایم پی ایلکس سوبل، لیبر ایم پی ہلیری بین، کنزرویٹو ایم پی ہنری سمتھ، کنزرویٹو ایم پی پیٹربورو اور اسکاٹ لینڈ کے کینی میک آسکل ایم پی برائے ایسٹ لوتھیان، جموں کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید نذیر گیلانی اور کشمیری رہنما ارشاد ملک ایڈووکیٹ نے اظہار خیال کیا۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والی کانفرنس کی صدارت رکن پارلیمنٹ Tanmanjit Singh Dhesi نے کی جبکہ صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون لیاقت علی لون نے نظامت کی۔