عالمی برادری بیگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکنے کیلئے کردار ادا کرے،گورنر پنجاب
لاہور:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر بھارتی فوج کے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گورنر پنجاب نے آج (جمعہ) لاہور میں الحمرا ہال کے باہر کشمیر یوم سیاہ کے حوالے سے ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے منصفانہ حل پر توجہ دے تاکہ دنیا کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔
گورنر نے الحمرا آرٹ گیلری میں تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا اور یوم سیاہ کے موقع پر ایک ریلی کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل سے وابستہ ہے۔
محمد زاہد صفی نے کہا کہ کشمیریوں کے عزم کو توڑنے،حوصلوں کو کرچی کرچی کرنے اور انہیں ا پنی اندھی طاقت کے سامنے جھکانے میں پچھلی آٹھ دہائیوں سے مسلسل بھارت بری طرح ناکام و نامراد ہوچکا ہے۔ 27اکتوبر 1947کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات سے بھارت کشمیر کے حوالے سے اپنے جس خاکے میں رنگ بھرنا چاہتا تھا،بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔
حریت راہنمانے کہا کہ بھارتی جبری قبضے کے خلاف،جدوجہد ہر رنگ اور ہر حال میں جاری رہے گی یہاں تک کہ کامیابی کشمیریوں کا قدم نہ چومے۔ بھارت کشمیر یوں کو صفہ ہستی سے مٹاکر اس قضیہ سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔ لیکن بھارت کی سازشوں کا پر دہ چاک کرنے کے لیے پاکستان کو ہر دم مستعدد رہنا چاہے۔ ہر بین الاقوامی فورم کو بروے کار لاکر پاکستان بھارت کا مکروہ چہر ہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہے۔ بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کو خاکستر کرنے والے دو ایسے بدمعاش ہیں جن کا علاج صرف گولی اور بارود میں ہے۔ مسلم دنیا اس حقیقت کو سمجھنے میں جتنی دیر کرے گی اتنا ہی زیادہ نقصان برادشت کرنا پڑے گا۔