کشمیری عوام بدترین بھارتی جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، آرمی چیف
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جموںو کشمیر پر بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح کا مسئلہ ہے ،کشمیری عوام بدترین بھارتی جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے ”یوم دفاع“ کی مناسبت سے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کو) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کے ذریعے علاقے میں معاشرتی تبدیلیاں کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمرہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ حق خود ارادیت ملنے تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کی طرح فلسطین کا تنازعہ بھی دنیا کے لیے انتہائی قابل فکر سوالیہ نشان ہے، غزہ میں اسرائیلی جارحیت و بربریت اور فلسطینیوں کا استحصال انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیلی حملے پورے خطے اور عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی، فلسطینیوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے سرگرم عمل ہے اور رہے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ میں پاکستان کے تمام شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے تحفظ اور بقا کو یقینی بنایا ، میں ان تمام شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں جن کے مقدس خون نے وطن کی عظمت اور اس کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اس پاک سرزمین کی مٹی کی آبیاری کی۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے آزمائش میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستانی ایک بہادر قوم ہیں جو آزادی کی اہمیت کو نبھانا اور اس کی قیمت چکانا احسن طریقے جانتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 1948، 1965، 1971 یا کارگل کی پاک بھارت جنگیں ہوں یا سیاچن کا محاذ، ہزاروں شہدا وطن کی سلامتی اور حرمت کی خاطر قربان ہوئے جبکہ دہشت گردی کے خلاف طویل اور صبر آزما کارروائی کی جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اس طویل جنگ میں ناصرف افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ کثیر تعداد میں غیور عوام بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو ہماری قوم تاریخ کا سنہری باب ہیں