یوم دفاع کے موقع پرکشمیریوں کا 1965کی جنگ کے شہدا ئے پاکستان کو خراج عقیدت
سرینگر 06ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے آج یوم دفاع کے موقع پر 1965کی جنگ کے شہدائے پاکستان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آج جب پاکستان یوم دفاع منا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام 1965میں بھارت کے خلاف اپنے مادر وطن کے دفاع کی خاطر پاکستانی فوجیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔ہر سال 6 ستمبر کو پاکستانی دنیا کو یاددہانی کراتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر تحریک پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، عبدالاحد پرہ، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی ، محمد یوسف نقاش ،سلیم زرگر، فیاض حسین جعفری، سبط شبیر قمی، مولوی مصعب ندوی،جنید الاسلام اور محمد عمرنے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میںکہا کہ 1965میں جب بھارت نے پاکستان کے وجود کو چیلنج کیا تو پاکستانی مسلح افواج اور پوری قوم بھارت کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہوئی اور اس کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ روز اول سے ہی اس کی سلامتی کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی اور کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت نے 1947میں مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کر رہا ہے اور یہ حق مانگنے پر انہیں قتل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا بہت بڑا علمبردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آسکتے ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کا قدرتی حصہ ہے اور اس کا ایک حصہ بھارت کے غیر قانونی قبضے میں ہے جہاں کشمیری عوام اسے بھارتی چنگل سے آزاد کرانے کے لیے1947سے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی مضبوط مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کے پاکستان کا حصہ بننے کے حقیقی مطالبے کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک درحقیقت تحریک پاکستان کا تسلسل ہے کیونکہ پاکستان تب ہی مکمل ہوگا جب پورا جموں و کشمیر اس کا حصہ بنے گا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بجا طور پر کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں الطاف حسین وانی، عبدالمجید میر خالد شبیر،قاضی عمران اور پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھی اپنے بیانات میں 1965کی جنگ کے پاکستانی شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج اور قوم نے نہ صرف اپنے وطن کا دفاع کیا بلکہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر اسے واضح پیغام بھیجا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کے اہم کردار پر روشنی ڈا لتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بھارتی ناجائز قبضے سے کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی مسلسل حمایت کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ دشمن قوتوں سے ہوشیار رہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔