مقبوضہ جموں کشمیر:برف باری ، بارشوں کے باعث سردی میں اضافہ
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ برف باری کیوجہ سے مختلف علاقوں سے گزرنے والی کئی اہم رابطہ سڑکیں بندہو گئی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے فرن(سردی کے موسم کا خاص کشمیری لباس) اور کانگڑی( مٹی کا برتن جس میں گرم انگارے بھرے ہوتے ہیں جو کشمیری سردی سے بچنے کیلئے فرن کے نیچے رکھ لیتے ہیں)کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ مقبوضہ وادی کشمیر میں جمعہ کی صبح سے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے درجہ حرارت میںنمایاں کمی واقع ہوئی۔
مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے علاوہ راز دان ٹاپ، پیر کی گلی، زوجیلا پاس، سنتھن ٹاپ، سونہ مرگ، دود پتھری وغیرہ میں برف باری ہوئی جبکہ سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ مقبوضہ وادی کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں کو جموں خطے کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے ملانے والی تاریخی مغل روڑ ، سونمرگ سڑک سمیت کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ سرینگر میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت6.3ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے آج سے موسم میں بہتری کا امکان ظاہر کیا اور 17نومبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔