مقبوضہ جموں وکشمیرکا 27سالہ نوجوان روس یوکرین جنگ میں لاپتہ

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کا رہائشی 27 سالہ نوجوان ظہور شیخ روس یوکرین جنگ میں لاپتہ ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کپواڑ ہ کے علاقے کرناہ سے تعلق رکھنے والے ظہور شیخ نے آخری بار 31 دسمبر 2023 کو اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا تھااور انہیں بتایا تھاکہ اسے یوکرین کے خلاف لڑنے کیلئے تین ماہ کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ اسکے بعد ظہور کا اپنے گھروالوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
ظہور کے والدمحمد امین شیخ کا کہنا ہے ان کے بیٹے کو ایک پرکشش معاوضے کا لالچ دیکر روسی فوجیوں کے ہمراہ یوکرین کیخلاف لڑنے پر مجبور کیا گیا۔امین شیخ نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزارت خارجہ اور ماسکو میں بھارتی سفارتخانے سے کئی مرتبہ رابطہ کیا لیکن انہیں اپنے بیٹے کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیںکی گئیں۔ انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کاکوئی سراغ نہیں ہے ، وہ ایک بہتر مستقبل کا خواہاں تھا لیکن دھوکے کا شکار ہو گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے روس یوکرین جنگ کے درا ن اب تک اپنے بارہ شہریوں کی موت اور 16کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔






