علی گڑھ :ہندو انتہا پسندوں کا مسلم شخص پر وحشیانہ تشدد،جے شری رام کانعرہ لگانے پر مجبور کیا
علی گڑھ 02نومبر (کے ایم ایس )
بھارت ہندو بلوائیوں کی طرف سے مذہبی اقلیتوں خصوصا مسلمانوں پر ظلم و تشدد اور انہیں قتل کرنے کے واقعات مسلسل جاری ہیں اور مذہب کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ انہیں ”جے شری رام ”کے نعرے لگوانے پر بھی مجبور کیاجاتا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں تھانہ ہردعا گنج کی حدود ایک مسلمان عامر خان سے انتہا پسند ہندئوں نے زبردستی جے شری رام کے نعرے لگوائے اور اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔ زخمی حالت میں عامر کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیاگیا ہے ۔ عامر دن بھر محنت مشقت کے بعد جب گھر واپس لوٹ رہا تھا تو ہندو انتہا پسندوں نے اسے زبردستی روک کر جے شری رام کے نعرے لگوائے اور اس پروحشیانہ تشدد کیا گیا جس کی موبائل سے ویڈیو بھی بنائی گئی ۔عامر نے میڈیا کو بتایا کہ وہ پھیری لگا کر کپڑے بیچتا ہے جب وہ گھر واپس لوٹ رہا تھا تو کچھ لوگ اس کے پاس آئے اور اسے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور اس پرتشدد بھی کیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی اور اسے کہاکہ” تو ملا ہے ملا”تو یہاں کیوں آیا ہے ۔اس کے بعد وہ گھر سے ہندو دیوتا کی ایک تصویر نکال کر لائے اوراسے اس کی پوجا کرنے پر مجبور کیا ۔عامر کی شکایت پر پولیس نے دفعہ 307اور323کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔