برسلز:مقبوضہ جموں وکشمیر میں شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاجی دھرنا
برسلز20 نومبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم خاص طور پر شہریوں کے حالیہ بہیمانہ قتل کیخلاف برسلز میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برسلز میں یورپی یونین ایکسٹرنل ایکشن سروس اور یورپی کمیشن سمیت یورپی اداروں کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے کیا ہے ۔احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے بچوں اور خواتین اور نوجوانوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے دھرنے کے شرکا سے اپنے خطاب میںکہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں چار بیگناہ شہریوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا جو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی ایک واضح مثال ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ ہم مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یورپی اداروں میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل پر اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے۔علی رضا سیدنے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔