تارکین وطن کشمیری وپاکستانی تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، مقررین
اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ ”کشمیر کانفرنس “ کے مقررین نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم تارکین وطن کشمیری وپاکستانی تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان تارکین وطن افراد کو مزید رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تا کہ وہ کشمیر کاز کیلئے مزید بہتر انداز میں کام کر سکیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر ہاﺅ س اسلام میں ”کشمیر کانفرنس “ کا انعقاد جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور یوتھ کونسل نے کیا تھا ۔ کانفرنس کی صدارت تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی جبکہ مہمان خصوصی نگران وزیر اعظم کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک تھیں ۔ اس موقع پر برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار، سٹوک آن ٹرینٹ برطانیہ کے میئر کونسلر ماجد خان، ریٹائرڈ لیفٹینٹ جنرل عبدالقیوم، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل (ر)محمد معروف، ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ ،سردار صدیق خان ، ریحانہ خان ، ہما بتول، افشاں تحسین باجوہ، نجیب الغفور خان، ڈاکٹر عابدہ رفیق ، محمد شہزاد خان، عبدالحمید لون ، سلمی کوثر ، ڈاکٹر عمار سہیل، عابد عباسی اور دیگر رہنماو¿ں نے خطاب کیا جب کانفرنس میں مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ گذشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی استبدادکا شکار ہیں ، کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ، بھارت کی بے انتہا چیرہ دستیوں کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔
مقررین نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری و پاکستانی برطانیہ، مڈل ایسٹ اور دیگر ملکوں میں پہلے ہی کاز کیلئے انتہائی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں اوربھارت کا مکروہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو اس وقت ہرجگہ رسوائی کا سامنا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں و پاکستانیوں کو مزید رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ مزید بہتر اور منظم انداز میں کشمیر کاز کیلئے کام کر سکیں۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام عظیم قربانیاں دے رہے ہیں اورانہوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری آزادی پسند رہنما جیلوں میں بند ہیں ، بھارتی فوجیوںن ے اب تک ہزاروں کشمیری لاپتہ کیے ہیں ، سینکڑوں خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا ہے اور مودی حکومت نے اس وقت کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم محکوم کشمیریوں کی ایک موثر آواز بنیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائیں۔