سمیناریوم یکجہتی کشمیر

لیگل فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مباحثے کا اہتمام

lfk-1اسلام آباد: لیگل فورم فار کشمیر نے اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک گول میز مباحثے کا اہتمام کیا جس میں مقررین نے پاکستان پر زوردیاگیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے تشخص پر غیر معمولی حملے کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔
گول میز مباحثے کا بنیادی مرکز مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام تھے جو کئی دہائیوں سے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ریاست پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے تشخص پر غیر معمولی حملے کو روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ہزاروں کشمیری اپنی سیاسی اور مذہبی قیادت کے ساتھ بھارت کی مختلف جیلوں میں بند ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیری قیادت اور علما ئے کرام کو عوام سے دور رکھا جارہا ہے اور سب کچھ منجمد کر دیا گیا ہے تو اس صورتحال میں کچھ ٹھوس اور جرات مندانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کو تنہا چھوڑنا دراصل ریاست پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا ہے۔ پرامن اور خوشحال پاکستان تب ہی ممکن ہے جب کشمیر کا دیرینہ تنازعہ حل ہو۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے کہا کہ بھارت نے05اگست 2019 کو یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بڑی تعداد میں کشمیریوں اور ان کے رہنمائوں کو مختلف جیلوں میں بند کردیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی بھارتی حکومت کا ایک اور مجرمانہ فعل ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر، اس کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگست 2019 کے بعد مودی حکومت نے علاقے میں آبادکاری منصوبے کی جارحانہ مہم چلا رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام، حکومتوں اور مسلح افواج نے ہمیشہ اہل کشمیر اور مزاحمتی تحریک کی بھرپور حمایت کی ہے اور کشمیری قائدین نے پاکستان کے ساتھ نظریاتی تعلق اور ابدی رشتے کو قائم رکھنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں سے بھارتی فورسز نے سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو شہیدکیا، املاک کی توڑ پھوڑ کی اور نذر آتش کردیا۔مسرت عالم بٹ کی زیر قیادت مسلم لیگ کے ترجمان مختار بابا نے بھارتی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مضبوطی سے کھڑے ہیں اور بدترین مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود جدوجہد آزادی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آبادی کے تناسب میں تبدیلی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ مباحثے سے عالمی امور کے ماہرین،لیگل فورم فارکشمیر کے عہدیداران،قانونی ماہرین اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button