مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں جن میںاقوام متحدہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی اپنی قرارداد کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ بھارت مسلسل کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے انکار کر رہا ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے اپنی متعلقہ قراردادوں میں کشمیریوں کو فراہم کی ہے ۔
غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، مشتاق الاسلام اور ڈاکٹر حمید فیاض کی تصاویر والے پوسٹروں میں عالمی ادارے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیاگیا ہے ۔یہ پوسٹر فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔