متحدہ مجلس علماء کی میرواعظ عمرفاروق کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے باربار روکنے کی مذمت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم متحدہ مجلس علماء نے قابض حکام کی جانب سے میرواعظ عمر فاروق کو تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کے خطبے اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے باربار روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایم ایم یو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اسے میرواعظ کی مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی اور وادی کے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مذہبی تنظیموں اورعلاقے کے لوگوں کے لیے سخت تشویش کا باعث ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میر واعظ کو جامع مسجد سرینگر میں معراج النبیۖکے موقع پر طے شدہ خطبے کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا۔بیان میں کہاگیا کہ یہ ہماری سمجھ سے باہر ہے کہ قابض حکام بار بار میر واعظ عمر فاروق کو جمعہ اور اہم مذہبی مواقع پر ان کے گھر پرکیوں نظر بند کر تے ہیں۔بیان میں کہاگیاکہ چار سال سے زائد عرصے کی نظربندی سے رہا ہونے کے بعد میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر کی جامع مسجد میں صرف تین بارنماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ ایم ایم یو نے کہا کہ اس غیر منصفانہ اقدام سے میرواعظ اور جامع مسجد سے وابستہ کشمیری عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچتی ہے۔ ایم ایم یو نے کہا کہ قابض حکام کی طرف سے کشمیر کے اعلی ترین مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق اوران کے لاکھوں پیروکاروں کی اس طرح کی توہین انتہائی افسوسناک ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ اس اقدام سے حالات معمول کے مطابق ہونے کے قابض حکام کے دعوے کی بھی نفی ہوتی ہے۔ متحدہ مجلس علماء میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر، دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ، مسلم پرسنل لاء بورڈ، انجمن شرعی شیعیان، جمعیت اہل حدیث، کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام، انجمن تبلیغ الاسلام، جمعیت ہمدانیہ، انجمن علمائے احناف، دارالعلوم قاسمیہ، دارالعلوم بلالیہ، انجمن نصرت الاسلام، انجمن مظہرالحق، جمعیت ا لائمہ و العلمائ، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر، دارالعلوم نقشبندیہ، دارالعلوم راشدیہ، اہلبیت فائونڈیشن، مدرسہ کنز العلوم، پیروان ولایت، اوقاف اسلامیہ خرم سرہامہ، بزم توحید اہل حدیث ٹرسٹ، انجمن تنظیم المکاتب،محمدی یتیم ٹرسٹ، انوار الاسلام، کاروان ختم النبوت، دارالعلوم سید المرسلین، انجمن علما و آئمہ مساجد، فلاح دارین ٹرسٹ ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد، اشرف العلوم حیدر پورہ، دارالعلوم دائودی بٹہ مالو، دارالعلوم دائودیہ خانیار،جمعیت علماء کشمیر، سراج العلوم، ادارہ وحدت المکاتب جموں و کشمیر، دارالعلوم امدادیہ نٹی پورہ، دارالعلوم جمعیت الارشاد اونتی پورہ، خانقاہ مرادیہ، جامع مسجد کریری، دارالعلوم صوت القرآن گلشن آباد سرینگر اور دیگر مذہبی، سماجی اور تعلیمی تنظیمیںشامل ہیں۔