کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت
سرینگر 08 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ نے بھارتی تسلط سے آزادی کے مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہدا کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پارٹی چیئرمین جمیل احمد کی سربراہی میں
پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں سرینگر کے شہید نوجوان تنزیل احمد اورغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیاگیا ۔اجلاس میں ڈاکٹر مصیب احمد، عبدالرشید، شفقت محمود اور مبشر احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ڈاکٹر مصیب احمد نے خبردار کیا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔پارٹی نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ حریت رہنمائوں، نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کی فوری رہائی کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔