بھارت کے غیر قانونی تسلط کی وجہ سے کشمیریوں کو اپنی بقا کا خطرہ لاحق ہے
واشنگٹن 13اکتوبر (کے ایم ایس )
واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر کے مسلسل غیر قانونی فوجی تسلط سے کشمیریوں کو اپنی بقاکا خطرہ لاحق ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم نے جموں و کشمیر پر بھارت کے فوجی تسلط کو75برس مکمل ہونے کے موقع پر واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں 27اکتوبر 1947کو سرینگر میں اتر کر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کے منصوبے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے برخلاف جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپرقبضہ کرلیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 1947سے جاری بھارتی فوجی تسلط کی وجہ سے کشمیریوں کو اپنی بقاکا خطرہ لاحق ہے کیونکہ اس عرصے کے دوران قابض فورسز نے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید اور دس ہزار سے زائد کو دوران حراست لاپتہ کر دیا ہے جبکہ کشمیریوں کے تمام سیاسی ، اقتصادی اور شہری تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری سیاسی رہنمائوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کے باوجود کشمیریوں کے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے مطالبے میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے ۔ ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم نے جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط ، غیر قانونی نظربندیوں ،5اگست2019کے بعد سے مسلسل جمہوری اور قانونی حقوق کی مستقل معطلی اور غیر قانونی جاسوسی جیسے دیگر پامالیوں کی بھی مذمت کی ۔ بیان کے مطابق کشمیریوں کو طویل عرصے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور دیگر مظالم کا سامنا ہے۔بیان میں بھارت پر زوردیا گیا ہے کہ وہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، اپنا غیر قانونی تسلط، کشمیریوں کا قتل عام ، غیر قانونی گرفتاریاں اور کشمیریوں کی نگرانی کا سلسلہ فوری طورپر ختم کرے ۔