مقبوضہ جموں و کشمیر

ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبری کوانکے یوم وصال پر شاندار خراج عقیدت

mirwaiz 21-3-24سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں میرواعظ کشمیر محمد عمر فاروق نے اسلام کی خاتون اول ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبری کے یوم وصال کے موقع پر انہیں اسلام کیلئے ان کی گرانقدر خدمات، قربانیوں اور ایثار پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حضرت خدیجتہ الکبری کے یوم وصال کے سلسلے میں آستانہ عالیہ پیر دستگیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی صاحب خانیار میں ماہ رمضان المبارک کے عشرہ رحمت کے آخری دن ایک مجلس وعظ و تبلیغ سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہاکہ حضرت خدیجہ ہر دور کی خواتین کیلئے ایک بے مثال رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہمارے معاشرے میں آج بھی خواتین کو کمتر اور حقیر سمجھا جاتا ہے اور ان کو انکے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ اسلام نے انہیں جو حقوق دیئے ہیں ان کے حصول اور اپنے جائز مقام کیلئے انہیں خود کھڑا ہوجانا چاہیے۔میرواعظ نے کہا کہ حضرت خدیجہ تمام نسلوں کی خواتین کیلئے بہترین نمونہ عمل ہیں اور ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے پیغمبر اسلام ۖ پر ایمان لایا اور اسلام کی تبلیغ و ترویج کیلئے اپنا سارا اثاثہ راہ خدا میں صرف کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ نے ایک سچے اور عقلمند ساتھی کی حیثیت سے ہر مشکل وقت میں پیغمبر اسلام ۖ کے ہر کام میں ان کی مدد اور دلجوئی کی ۔انہوں نے کہاکہ حضرت خدیجہ نے اپنی ساری دولت اسلام کے مشن کی آبیاری کیلئے صرف کی اور نہ صرف اعلان نبوت میں پیغمبر ۖ کی معاون بن گئیں بلکہ ان کی مخالفت کرنے والوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا جس سے پیغمبر اسلامۖ کو اپنے مشن اور اسلام کے پھیلانے میں بہت مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ کی زندگی سچائی، ایمان پر یقین اور اپنے شریک حیات کیلئے ایک معاون ساتھی اور مصیبت اور آزمائش کے مراحل میں صبر و استقامت اور سخاوت کی ایک بے مثال نمونہ ہیں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میں ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری کوانکے یوم وصال پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی دعوت اور تبلیغ میں رسول اکرم ۖ کے شانہ بشانہ حضرت خدیجہ کا کردار اور خدمات تاریخ اسلام میں ایک درخشان باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ام المو منین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ رسول اکرم ۖ کے اعلان نبوت کی تصدیق کرنے والی اولین فرد ہیں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button