بھارت : کیرالہ میں آر ایس ایس رہنما کے گھر سے 770کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد
ترواننت پورم: بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے ایک مقامی رہنما اور اس کے رشتہ دار کے گھرسے 770کلو گرام دھماکہ خیز موادبرآمد کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست میں ضلع کننور کے علاقے میں پوئیلور میں پولیس نے ایک تلاشی کارروائی کے دوران راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے مقامی رہنما وڈاکائل پرمود اور ان کے رشتہ دار وڈاکائل شانتا کے گھروں سے 770کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔کولاولور پولیس نے صحافیوںکو بتایاکہ پولیس انسپکٹر سومیت کمار اور سب انسپکٹر سوبین کی قیادت میں آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا جس کے نتیجے میں اہم ضبطی ہوئی۔ پولیس نے بتایاکہ ہم نے واقعے کے سلسلے میں دو مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ہم خطے کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیزکر رہے ہیں۔اتنی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کی ضبطی نے مقامی لوگوں میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔