بھارتی وزارت صحت نے زیکا وائرس کے 8کیسز کی تصدیق کے بعد الرٹ جاری کردیا
نئی دلی:
بھارتی وزارت صحت نے ریاست مہاراشٹر میں مہلک زیکا وائرس کے 8 کیسز کی تصدیق کے بعد تمام ریاستوں کیلئے الرٹ جاری کردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زیکا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظربھارتی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ڈائرکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسزکے ڈاکٹر اتل گوئل نے تمام ریاستوں کو الرٹ جاری کیا ہے، جس میں زیکا وائرس کے کیسز پر مسلسل نظر رکھنے پرزوردیاگیا ہے ۔ الرٹ میں ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین میں زیکا وائرس میں مبتلا ہونے کی جانچ کریں۔الرٹ میں صحت کی سہولیات اور ہسپتالوں کے احاطے کو مچھروں سے پاک کرنے کے لیے نوڈل افسر مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ریاستوں پر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر احتیاطی ہدایات پر مبنی پیغامات کے ذریعے بیداری مہم چلانے پربھی زوردیاگیا ہے تاکہ لوگوں میں اس وائرس کے بارے میں خوف کو کم کیا جا سکے۔
واضح ر ہے کہ زیکا، ڈینگی اور چکن گنیا کی طرح مچھروں کے ذریعے پھیلنے والا وائرس ہے۔ اس وائرس سے متاثرہ حاملہ خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میںسر کا سائز چھوٹا ہوجاتا ہے جو کہ انتہائی تشویش ہے۔ مہاراشٹر کے علاقے پونے، کولہاپور اور سنگمنیرزمیں زیکا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔