”ایچ آر سی پی “ کا کشمیر کاز کے حوالے سے کام لائق تحسین ہے، محمود ساغر
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینرمحمود احمد ساغر نے کہا کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (ایچ آر سی پی) تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں حریت دفتر میں کونسل کے چیئرمین جمشید حسین، مونس اخلاص اور محمد شاہد شیخ کی قیادت میں کونسل کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کشمیر کاز کے حوالے سے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کونسل کیطرف سے اس حوالے سے اپنے کام میں مزید وسعت لائی جائے گی۔محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کونسل کے وفد کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ جمشید حسین نے تشدد، گرفتاریوں اور پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی۔اس موقع پر غلام محمد صفی، امتیاز وانی اور سید اعجاز رحمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔