جب سچ بولنے پر سزا دی جاتی ہو تویہ واضح ہے کہ جھوٹ اقتدار میں ہے: راہول گاندھی
نئی دہلی 17 نومبر (کے ایم ایس) بھارت میں کانگریس رہنماراہول گاندھی نے ملک بھر میں پریس کی آزادی پرپابندی لگانے پرنریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بالکل واضح ہے کہ جھوٹ اقتدار میں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے قومی یوم صحافت کے موقع پر جو بھارت میںہرسال 16نومبر کو پریس کونسل آف انڈیا (PCI) کے قیام کے اعزاز میں منایاجاتا ہے، ایک ٹویٹ میں کہا کہ جب سچ بولنے پر سزا دی جاتی ہو تویہ واضح ہے کہ جھوٹ اقتدار میں ہے۔راہول گاندھی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پرایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں تریپورہ سمیت کئی جگہوں پر صحافیوں کی گرفتاریوں اور حملوں کے واقعات اوران کے بارے میں رپورٹس کو دکھایا گیا ہے۔تریپورہ میں تشدد کے حالیہ واقعات کی رپورٹنگ کرنے والے دو صحافیوں کو پولیس کی طرف سے گرفتار کیے جانے کے بعد راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت صحافت کا قتل کر رہی ہے۔