بھارت :مسلمانوں کا روپ دھار کر ہندوئوں کو گالیاں دینے والاہندوشخص گرفتار
لکھنو:بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک ہندو نوجوان دھیریندر راگھو کو ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے جس میں اس کو مسلمانوں کا روپ دھارکر اور ٹوپی پہن کر ہندو ووٹروں کو گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ویڈیو میں راگھو اپنی شناخت ایک مسلمان کے طور پر کراتا ہے اور ایودھیا میں ہندوئوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دوہرے چہرے والے کہتا ہے۔وہ لوگوں کو کہتاہے کہ اگر راہول گاندھی اقتدار میں آتے تو مسلمانوں کو ریزرویشن دیتے۔ راگھو کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ اگر کوئی لیڈر ہمارے لیے مسجد بناتا تو ہم ساری زندگی اسے ووٹ دیتے لیکن آپ نے مودی کو ووٹ نہیں دیا حالانکہ اس نے آپ کے لیے سب کچھ کیاہے۔یہ ویڈیو ایودھیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو انتخابات میں شکست کے فوراًبعد سامنے آئی۔راگھو کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اوراورنفرت پھیلانے کے الزام پر نیو آگرہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔واضح رہے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اورفرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوادینے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اوریہ ویڈیو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔