نو منتخب بھارتی وزیرِ اعظم کی کابینہ میں ایک بھی مسلمان کو شامل نہیں کیاگیا
نئی دہلی: نو منتخب بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک بارپھر مسلمانوں کے خلاف اپنے تعصب کا اظہارکرتے ہوئے کابینہ میں ایک بھی مسلمان کو شامل نہیں کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ نریندر مودی کی نئی حکومت میں 30وزراء اور 41وزرائے مملکت شامل ہیں جن میں ایک بھی مسلمان نہیں ہے۔بھارت کی نئی حکومت کی کابینہ کا پہلا اجلاس آج شام کو ہو گا۔ کابینہ بھارتی صدر سے پارلیمنٹ کا اجلاس جلد بلانے کی درخواست کرے گی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مضبوط اپوزیشن کے سامنے متنازعہ سیاسی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنا مودی حکومت کے لیے چیلنج ہو گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے نو منتخب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔بھارت کی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔ بھارت میں مسلمان مجموعی آبادی کا 14فیصد ہیں جوتعلیم سمیت زندگی کے ہرشعبے میں پسماندگی کا شکار ہیں اورمودی کے سابقہ دور حکومت میں مسلمان طلباء کو ملنے والی اسکالر شپس بھی ختم کردی گئیں۔