APHC-AJK

بھارتی قبضے کے خاتمے اور حصول حق خودارادیت تک جدوجہد جاری رہے گی : حریت رہنما

WhatsApp Image 2024-06-25 at 3.42.37 PMمظفرآباد:  کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارتی فوجی قبضے کے خاتمے اور حصول حق خودارادیت تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ مظفرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت جموں وکشمیر پر فوجی قبضے کو دوم بخشنے کیلئے کشمیری عوام کے خلاف بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے کشمیری قیادت کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو تختہ دار پر چڑھا کر کشمیری عوام کے حوصلوں کو توڑنے کی ناکام کوشش کی۔مودی حکومت نے کشمیری آزادی پسند رہنمائوں کو حق خودارادیت کے بنیادی موقف سے ہٹانے کیلئے جیلوں میں بند کردیا۔انہوں نے کہاکہ محمد اشرف خان صحرائی شہید، الطاف احمد شاہ ، غلام محمد بٹ اور حکیم نوید انجم کے جنازے بھارتی جیلوں سے نکلے ۔ انہوں نے کہاکہ میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید ، شیخ عبد العزیز شہید ، خواجہ عبدالغنی شہید کو بھارتی حکومت نے آزادی مانگنے کی پاداش میںشہید کیا۔اس وقت بھی مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، ڈاکٹر عبد الحمید فیاض ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ناہیدہ نسرین ، نعیم خان ، ایاز اکبر ، فہمیدہ صوفی ، پیرسیف اللہ ، ظفر اکبر بٹ ، محمد یوسف فلاحی ، امیر حمزہ ، حیات ڈار ، عمر عادل ڈار اور دیگر رہنما بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں ۔حریت کنوینر نے کہاکہ بھارتی حکومت کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ماضی میں جموں ، ببجہاڑہ ، چوٹہ بازار ، سوپور ، سرینگر، ہندواڑہ ، ڈوڈہ ، کپواڑہ اور دیگر جگہوں پر قتل عام کی اندوہناک کاروائیوں میں ہزاروں شہریوں کو شہیدکیا۔بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے ضابطوں ، پاکستان کی فریقانہ حیثیت اور کشمیری عوام کے بنیادی فریق ہونے کو یکسر نظر انداز کرکے 5اگست 2019 کو غیر قانونی اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری جموں وکشمیرپر بھارت کے جبری قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے ۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ اورانسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لیں۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت ، کارکنان ، صحافیوں اورنسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں حریت رہنما راجہ خادم حسین ، زاہد صفی ، مشتاق الاسلام ، مشتاق احمد بٹ ، زاہد اشرف ، چوہدری شاہین ، اشرف ڈار ، عبد المجید میر ،اعجاز رحمانی، عثمان علی ہاشم ، محمد شفیع ڈار اورعزیر احمد غزالی بھی موجود تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button