مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بے روزگاری عروج پر

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بیرونِ ملک ملازمتوں کے نام پر لٹنے لگے

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے پیشِ نظر اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوان بیرونِ ملک ملازمتوں کے نام پر جعلی ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔

بے روزگار کشمیری نوجوانوں سے جعلی ایجنٹ بیرونِ ملک، خصوصاً خلیجی ممالک اور یورپ میں اچھی ملازمتوں کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔ روزگار کی تلاش میں سرگرداں سوپور کے رہائشی ثقلین فیاض رواں سال 19 اگست کو دبئی پہنچے تھے، لیکن وہاں پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ اس کے بعد وہ ایک ماہ تک دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔

فیاض نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد کے رہائشی فردوس ملا نے سوشل میڈیا پر اپنی فرم ’نارتھ کشمیر اوورسیز کنسلٹنٹس‘ کے ذریعے انہیں ایک لاکھ 10 ہزار روپے کے عوض دبئی کے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں سیلز مین کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دیا تھا۔ تاہم، وہاں پہنچنے پر انہیں انتہائی قلیل معاوضے پر ایک ہوٹل میں ویٹر کا کام دے دیا گیا۔

کپواڑہ کے رہائشی 20 سالہ ماجد حامد کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو ڈرائیور کی ملازمت دلانے کے لیے ایک ایجنٹ کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے ادا کیے تھے۔ تاہم، سعودی عرب پہنچنے پر ماجد کو ویٹر بنا دیا گیا۔ ان کے والد نے الزام لگایا کہ اعتراض کرنے پر ماجد کو تین ماہ تک ایک کمرے میں محصور رکھا گیا۔ انہوں نے پولیس اور محکمہ داخلہ میں شکایات درج کرائی ہیں۔

سرینگر کے رہائشی عاقب کلو نے بھی لکسمبرگ میں ملازمت کے نام پر دو لاکھ 30 ہزار روپے کے فراڈ کی شکایت کی۔ پولیس کے مطابق، اس فراڈ میں ملوث ملزم عادل یوسف شیخ کو دہلی سے گرفتار کرکے دس روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے گزشتہ سال کے سروے کے مطابق، جموں و کشمیر میں 18 سے 60 سال کی عمر کے تقریباً 4 لاکھ 73 ہزار افراد بے روزگار ہیں اور روزگار کے متلاشی ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل عبدالقیوم نے اعتراف کیا ہے کہ جعلی ملازمتوں کے ذریعے انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

ان واقعات سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور اس کے نتیجے میں بیرونِ ملک روزگار تلاش کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو درپیش خطرات کی عکاسی ہوتی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button