”یوم الحاق پاکستان“، مظفر آباد میں پاسبان حریت ، شباب ملی کے زیر اہتمام ریلیاں
مظفر آباد : ”یوم قرار داد الحاق پاکستان “کے موقع پر آج آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفر آبادمیں پاسبان حریت اور شباب ملی کے زیر اہتمام ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق ریلیوں کے شرکاءنے ”پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ اورجیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ پاسبان حریت کے زیر اہتمام ہونے والی ریلی کی قیادت تنظیم کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم ، حریت راہنما مشتاق الاسلام ، مہاجرین کشمیر کے راہنماوں حمزہ شاہین ، غلام حسن بٹ ، محمد اسحاق شاہین ، خواجہ محمد صادق ، محمد صدیق قریشی ، محمد بشیر خان سماجی راہنما جاوید احمد مغل اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر 19 جولائی کی قرارداد کا متن اور اسے پاس کرنے والے کشمیری رہنماﺅں کے نام درج تھے۔ مقررین نے ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیر 19 جولائی 1947 کو پاس کی گئی الحاق پاکستان کی قرارداد کی توثیق کر رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ سرینگر میں پاس کی گئی 19 جولائی کی ”قرارداد الحاق پاکستان“ تحریکِ آزادی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ،کشمیری عوام نے پاکستان بننے سے بھی پہلے اسکے ساتھ وابستہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری مملکت خداداد پاکستان سے لازوال محبت رکھتے ہیں ،کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں اور دنوں ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بابائے حریت شہید سید علی شاہ گیلانی کا تخلیق کردہ نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے “کا نعرہ کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ لازول محبت کا عکاس ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری اس وقت بھارتی جبرواسبداد کا پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ بھارتی قبضے سے آزادی اور پاکستان میں شمولیت تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔
دریں اثنا تحریک شباب المسلمین جموں کشمیر کے زیر اہتمام اپر اڈا لال چوک سے ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے سیکٹری اطلاعات اورتحریک شباب المسلمین کے نائب چیئرمین مشتاق احمد بٹ و حریت رہنما سید گلشن نے کی۔
ریلی میں صدر الشفاءمہاجر کیمپ عبدالحمید لون، صدر مہاجر کیمپ زیرو پوائنٹ چوہدری شاہ ولی، لال دین دورانی ، جموں وکشمیر پیپلز لیگ زاد کشمیر کے صدر محمد یونس میر ڈاکٹر یونس میر، چیف آرگنائزر مہاجرین نوجوان اتحاد سردار خورشید اعوان اور سٹوڈنٹس کے چیئرمین ریاض احمد اعوان، مرکزی چیف آرگنائزر نصیر احمد میر، وائس چیئرمین منیر کونشی، سیکٹری جنرل زبیر احمد ، آصف دورانی، ارشد اعوان، فلک خان، امتیاز اعوان، شبیر اعوان، آفتاب علی، نزاکت قریشی اور اس کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کشمیریوں نے آج سے 77سے برس قبل پاکستان کے ساتھ اپنا مستقل کر لیا ہے ، وہ بھارتی قبضے سے آزادی اور پاکستان میں شمولیت کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں ایک دن رنگ لائیں گی اور پاکستان میں شمولیت کی ان کی تمنا ضرور پوری ہوگی۔
ادھرمیرپور میں یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف ہمیشہ احتجاج کر کے ثابت کیاہے کہ وہ انہوں نے پاکستان کے قیام سے قبل ہی اس سے الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی اورنہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی ۔