جواہر نہرو یونیورسٹی میں دلت مخالف اور آر ایس ایس کے حق میں فرقہ وارانہ نعرے تحریر
نئی دلی: بھارتی دارلحکومت نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس اوراونچی ہندوذات برہمن کے حق میں اور نچلی ذات کے دلت ہندوئوں کے خلاف فرقہ وارانہ نعرے تحریر کئے گئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یونیورسٹی کے کاویری ہاسٹل کی دیواروں پر فرقہ وارانہ نعرے”چمار بھارت چھڈو،دلت بھارت چھڈو،برہمن بنیا زندہ باد اور ہندو آر ایس ایس زندہ باد” جیسے نعرے تحریر کئے گئے ہیں ۔ان نعروں کی وجہ سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم نچلی ذات کے ہندو طالب علموں میں شدید بے چینی اورعدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیا ہے ۔یونیورسٹی میں نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیاکے جنرل سکریٹری کنال کمار نے اس واقعہ پرسخت تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نعرے تو دیوار سے مٹ جائیں گے لیکن انہیں لوگوں کے ذہنوں سے کیسے نکالیں گے؟ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے زیر قیادت بھارت میں موجودہ فرقہ وارانہ سیاسی ماحول کی وجہ سے معاشرے میں اس طرح کے امتیازی نظریات کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جوکہ انتہائی افسوسناک ہے ۔اسٹوڈنٹس یونین کے صدر دھنن جے نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک برسر اقتدار ہندوتوا طاقتیں ہی دراصل یونیورسٹی کیمپس میں اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں۔انہوں نے عزم ظاہرکیاکہ ہم ان طاقتوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔