مقبوضہ جموں وکشمیر :ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط
مودی حکومت استعماری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ، حریت کانفرنس

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر کے زیر کنٹرول انتظامیہ نے کشمیریوں کو ان کی املاک سے محروم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع راجوری میں ایک اور شہری کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے راجوری کے علاقے سموٹے بڈھال کے رہائشی ضیاءالرحمان کی 19مرلہ اراضی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کر لی ۔ پولیس نے ضیاءالرحمان کی اراضی کی ضبطی کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر حق خود ارایت کی تحریک سے وابستگی کا الزام عائد کیا ہے۔
یاد رہے کہ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک کی ضبطی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جسکا واحد مقصد انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانا اور ضبط شدہ املاک غیر کشمیریوںکو دیکر علاقے میںہندو توا ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی املاک کی مسلسل ضبطی کی مذمت کرتے ہوئے اسے استعماری دور کا ہتھکنڈہ قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو توڑنے کیلئے انتہائی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کو روکنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا ۔
دریں اثنا بھارتی فورسز نے ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی ہے۔KMS-04/M






