مقبوضہ جموں و کشمیر

مودی حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے ذات پات اور مذہب کاغیر ضروری استعمال کر رہی ہے،راہل گاندھی

نئی دلی24 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس کے رہنماء راہل گاندھی نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ملک میں مہنگائی اور عوام کو درپیش مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ذات پات اور مذہب کو استعمال کرکے قوم کو گمراہ کررہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں ملک میں بنیادی اشیا پر جی ایس ٹی میں مسلسل اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کا انتخابی نعرہ ‘اچھے دن’کی حقیقت ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام پر آشکار ہورہی ہے۔ انہو ں نے ٹویٹ میں’لوٹ’کو ہیش ٹیگ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کہاکہ جی ایس ٹی میں 140% اضافہ کیاگیا ہے جومودی حکومت کے اچھے دنوں کی پول کھول رہا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہاکہ بی جے پی نے بلند وبانگ اور کھوکھلے دعوے اور وعدے کرکے ملک میں اقتدارحاصل کیا اور اس کے بعد سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام مہنگائی سے بدحال ہیں اور عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹانے کیلئے ملک کے کونے کونے میں ذات پات اور مذہب سے متعلق غیر ضروری مسائل پیدا کرکے نفرت کا ماحول پھیلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے دور حکمرانی میں یہی ہوتا آیا ہے کہ الیکشن کے وقت بھائی چارے کے ماحول کوبگاڑ دیا جاتا ہے اور پھر اقتدار ملنے پر لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
ادھر کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ایک ٹویٹ میں ملک میں مہنگائی میں اضافے پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاہے کہ وہ جنہوں نے نعرہ دیا تھا کہ ‘بہت ہوئی مہنگائی کی مار’اب وہی روزانہ قیمتوں اور افراط زرمیں اضافے سے عوام کو نشانہ بنارہے ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button