مقبوضہ کشمیر: شہریوں کے قتل کے خلاف آج مکمل ہڑتال
سرینگر 25 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی دوروزہ کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپرنظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دی ہے۔ تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت انتہائی کم ہے ۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات اضافے کے خلاف مکمل ہڑتال کریں۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز سرینگر کے علاقے رام باغ میں تین شہریوں اور15 نومبر کو حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار افراد کوایک جعلی مقابلے میںگولی مار کر شہید کر دیاتھا۔حریت چیئرمین نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتے اوروہ جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔