APHC-AJK

نام نہاد اسمبلی انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتے : حریت آزادکشمیر

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہاہے کہ کشمیری عوام نام نہاد انتخابات کے لئے نہیں بلکہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں ایک انٹرویو میں کہاکہ کشمیری عوام نے اس مقصد کے لئے لاکھوں جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ قربانیاں بھارتی الیکشن کمیشن کے تحت نام نہاد انتخابات کے لئے نہیں دی گئی ہیں اورنہ یہ قربانیاں بھارت یا مقبوضہ علاقے کی سیاسی جماعتوں کو ووٹ دینے کے لئے دی گئی ہیں بلکہ کشمیری عوام کی جدوجہد کا مقصد اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری ہے تاکہ وہ یہ فیصلہ کرسکیں کہ آیا وہ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا نہیں ۔انہوں نے کہا جب تک کشمیری عوام کویہ فیصلہ کرنے کا موقع نہیں دیاجاتا ، تمام نام نہاد انتخابات فراڈ اوردھوکہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1957ء میں بھارت کی یہ خواہش تھی کہ ایک نام نہاد آئین ساز اسمبلی کے ذریعے یہ اعلان کروادے کہ جموں وکشمیرآج سے بھارت کا حصہ ہے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل کا دروازہ کھٹکھٹایا جس کے جواب میںاقوام متحدہ نے قرارداد نمبر122 کی منظوری دی ۔ اس قراردادمیں واضح کیاگیاہے کہ اس طرح کی کسی اسمبلی کا فیصلہ چاہے وہ آئین ساز اسمبلی ہی کیوں نہ ہو، رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ رائے شماری وہی ہوگی جو دونوں اطراف میں یعنی آزاد جموں وکشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک ساتھ ہوگی اوراس غرض کے لئے ہوگی کہ لوگ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یاپاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے جب تک اس طرح کی رائے شماری نہیں ہوگی یہ تمام انتخابات دھوکہ اور فراڈ ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ان انتخابات کو نہ دنیا قبول کرے گی اور نہ کشمیری عوام قبول کریں گے۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے وہ لوگ ہیں جو وہاں کے باشندے ہی نہیں ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو بھارت کے شہری ہیں اورانہیں یہاں کا ڈومیسائل جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت سے لائے گئے لوگ ہیں جویہاں ووٹ ڈال کر جموں وکشمیر کی اسمبلی منتخب کریں گے۔ حریت رہنما نے کہاکہ اس سے بڑا دھوکہ اورکیاہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اس دھوکے اورفراڈ کو سمجھتے ہیں اور وہ اس جھانسے میں ہرگز نہیں آئیں گے اوربھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرکے رہیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button