صدرٹرمپ کا ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران اپنے اس دعوے کو دہرایا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کو اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں نے ایک ملک کو روکا جو دوبارہ شروع کرنے کے لیے تقریبا تیار تھا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ یہاں اوول آفس میں ہوا، چاہے ٹیلی فون کے ذریعے یا ذاتی ملاقاتوں کے ذریعے اور رہنمائوں نے یہاں اپنے امن معاہدوں پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان آٹھ تنازعات میں سے ایک ہے جنہیں حل کرنے میں انہوں نے مدد کی ۔10 مئی کے بعد سے ٹرمپ نے بارہا کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان نے واشنگٹن کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے بعد مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا۔پاکستان نے امریکی صدر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مداخلت سے کشیدگی میں اضافہ نہیں ہوا۔ تاہم، بھارت نے مسلسل کسی تیسرے فریق کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔یہ اعلان پاکستان کے اس موقف کی توثیق کرتا ہے کہ واشنگٹن نے کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا جبکہ بھارت پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تنازعات میں بیرونی ثالثی کے دعوئوں کو مسترد کرتا ہے۔






