لکھنو: آوارہ کتوں کو گوشت کھلانے کے الزام میں مسلم خاتون گرفتار
لکھنو: بھارتی ریاست اتر پردیش میں پولیس نے آوارہ کتو ں کو گوشت کے ٹکڑے دینے کے الزام میں ایک مسلم خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے مسلمان خاتون کو دارالحکومت لکھنو کے علاقے بازار کھالہ میں لمبیشور شیو مندر کے قریب کتوں کو گوشت کے ٹکڑے دینے پر گرفتار کیا ہے ۔ہندو انتہاپسندوں نے خاتون کے اس اقدام کو ہندو تہوار نوراتری کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ایک کوشش قراردیا ہے۔پولیس کے مطابق مسلم خاتون آوارہ کتوں کو کھانا دے رہی تھی اوروہ جان بوجھ کر اشتعال انگیزی میں ملوث نہیں تھی۔ہندوتواکارکنوں کی بڑی تعداد نے مندر کے باہر جمع ہوکر مسلم خاتون کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔انسپکٹر سنتوش آریہ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے ہندوتواکارکنوں کے مطالبے پر گرفتار کرلیاہے۔انسپکٹر سنتوش آریہ کے مطابق مسلم خاتون علاقے کے جانوروں کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور انہیں باقاعدگی سے کھانا دیتی ہے جسے ہندوتواکارکنوں نے غلط رنگ دیا ہے۔ بھارتی پولیس افسر مزید کہاکہ مسلم خاتون کسی کو نقصان پہنچانے یا کسی کی توہین کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں۔