بلقیس بانو کے ساتھ انصاف نے ایک بھونڈا مذاق کیا، شبانہ اعظمی
نئی دلی02 ستمبر (کے ایم ایس) معروف بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو بی جے پی کی گجرات حکومت کی طرف سے رہا کیے جانے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کھلی ناانصافی پر معاشرے کی خاموشی پر سکتہ میں ہیں۔
شبانہ اعظمی نے ایک بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ بلقیس بانو ایک بڑے المیے سے گزری لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور ایک بھر پور لڑائی لڑی۔انہوںنے کہا کہ جب وہ زندگی کو جوڑنا چاہتی تھی اس کے ساتھ انصاف نے یہ بھونڈا مذاق کیاہے ، کیا ہمیں اس کیلئے پورے زور و شور سے آواز نہیں اٹھانی چاہیے تاکہ اس کو انصاف مل سکے۔ انہوںنے استفسار کیا کہ جو خواتین اس ملک میں آپنے آپکو غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں ، جنہیں ہر روز عصمت ریزی کے خطرے کا سامنا ہے کیا انہیں سیکورٹی کا کوئی احساس نہیں ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ شبانہ اعظمی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوںنے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ ہرطرف برہمی ظاہر کی جائے گی ، میں نے دو تین روز انتظار کیا لیکن مجھے میڈیا میں یہ خبر کہیں نظر نہیں آئی ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتیوں کو یہ معلوم بھی نہیں تھا کہ گیارہ مجرموںکو رہا گیا گیا ہے، میں تو حیرت زدہ ہو گئی کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے ، ابھی بھی لوگ اس ناانصافی اور ہولناکی کو سمجھ نہیں پائے ہیں جو رونما ہوئی ہے ۔ انہوںنے ویڈیو میں کہا کہ مجرموں کو رہا کیا گیا ، ان کی گلپوشی کی گئی اور ان میں لڈو بانٹے گئے، آخر ہم معاشرے کو کیا اشارہ دے رہے ہیں، خواتین کو کیا اشارہ دیا جا رہاہے۔