کولگام : بھارتی پولیس نے لوگوں کو شہید نوجوان کے گھر اظہار یکجہتی کیلئے جانے سے روک دیا
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے لوگوں کو فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان فاروق احمد نلا کے گھر اظہار یکجہتی کیلئے جانے سے روک دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے فاروق احمد کو گزشتہ روز ضلع کولگام کے علاقے کدر (Kadder) میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران دیگر چار نوجوانوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کیاتھا۔
قابض بھارتی فوجیوں نے لوگوں کو دھمکی دی اگر وہ شہید نوجواں کے گھر گئے تو انہیں سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ بھارتی فوجیوں کا یہ اقدام کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے بل پر دبانے کے بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈوں کا ایک حصہ ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماشیخ عبدالماجد نے اس غیر انسانی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کا یہ اقدام مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری اسکے جرائم کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی اس طرح کی ظالمانہ کاروائیوں سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے