مقبوضہ کشمیر: سرکاری شعبے کے تجارتی اداروں کے بورڈزسے کے سی سی آئی کی نمائندگی ختم کرنیکی مذمت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سرکاری شعبے کے مختلف تجارتی اداروں کے حال ہی میں دوبارہ تشکیل دئے گئے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں چیمبر کی نمائندگی ختم کرنے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایوان نے بورڈز آف ڈائریکٹرز کی فیصلہ سازی کے عمل میں اسکے نمائندوں کی شمولیت کو کاروباری برادری کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل قراردیاتاکہ تاجروں کیلئے سازگار پالیسیاں وضع کی جاسکیں ۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاجروں اور صنعت کاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے فیصلہ سازی کے عمل میں ہمیشہ اہم کردارادا کیا ہے ۔کے سی سی آئی نے خبردار کیا ہے کہ ایوان کی مشاورت کے بغیر لئے گئے فیصلے غیر موثر یا بے نتیجہ ثابت ہونے کاخدشہ ہے ۔چیمبر نے تمام سرکاری کاروباری اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اعلی سطح کی فیصلہ ساز کمیٹیوں میں ایوان کی نمائندگی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر فیڈریشن آف چیمبرز آف انڈسٹریز کشمیر نے بھی صنعتوں سے متعلق سرکاری شعبے کے اہم اداروں کے بورڈزآف ڈائریکٹرز سے اپنے نمائندوں کے اخراج پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔فیڈریشن نے ایک بیان میں کہاکہ اس اقدام سے صنعتی شعبے کیلئے مسائل بڑھنے کاخدشہ ہے ۔