بھارتی حکام نے دفعہ370کی منسوخی کے بعد کشمیری مسلمانوں کی نقل و حرکت محدود کردی ہے
سرینگر: قابض بھارتی حکام نے دفعہ 370کی غیر قانونی منسوخی کے بعد منظم طریقے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا ہے جس سے ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو مزید سلب کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق05اگست 2019کے بعد قانون نافذ کرنے والے بھارتی اداروں نے ان بہت سے افراد کے پاسپورٹ ضبط کر لیے جن کا مبینہ طور پر تحریک آزادی کشمیر سے کوئی تعلق تھا۔ تقریبا پانچ سال تک ان افراد کو پاسپورٹ دینے سے انکار کیا گیا جن پر مقامی تحریک آزادی کے ساتھ تعلق کا الزام تھا۔حال ہی میںبڑھتے ہوئے عوامی دبائو کے بعدبھارتی حکومت کشمیری مسلمانوں کے حوالے سے اپنی سفری پالیسی پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوئی۔بھارتی حکومت نے ایک غیر معمولی اقدام کے تحت حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیرکے باشندوں کو پانچ سال کے وقفے کے بعد پاسپورٹ جاری کرنا شروع کردیا۔ ابتدائی طور پر جاری کیے گئے کچھ نئے پاسپورٹوں پریہ مہر لگائی گئی تھی جس میں لکھا تھا کہ” یہ پاسپوٹ پاکستان کے سوا تمام ممالک کے لیے قابل عمل ہے”۔ اس پابندی کا اطلاق علاقے میں کشمیری مسلمانوں کو جاری کیے گئے بہت سے پاسپورٹوں پر کیا گیا۔یہ اقدام بھارتی وزیر داخلہ کے حکم پر کیاگیا جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کے پاکستان سے روابط کو منقطع کرنا ہے۔ اگرچہ بھارتی حکومت ان اقدامات کو قومی سلامتی کے حصے کے طور پر جائز قرار دیتی ہے، پاکستان کے لئے سفری پابندی کشمیری مسلمانوں کے بنیادی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے جس سے ان کی نقل و حرکت کی آزادی کوبہت حد تک محدود کیا گیا ہے۔انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سفر پر یہ پابندیاں نہ صرف بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں درج آزادانہ نقل و حرکت کے حق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مسلمانوں کے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پرخلاف ورزیوں کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ یہ اقدامات علاقے کی مسلم آبادی کی خودمختاری اور آزادیوں کو نمایاں طور پر نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے طلبا ء خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں کیونکہ سفری پابندیاں انہیں پاکستان میں تعلیمی مواقع حاصل کرنے سے روکتی ہیں۔ اس سے نہ صرف ان کے تعلیم کے حق کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ ان کی تعلیمی ترقی اور صلاحیت کو بھی محدود ہوتی ہے۔ کشمیری صحافیوں کو بھی اسی طرح کی سفری پابندیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ بین الاقوامی ایوارڈز اور دیگرتقریبات میں شرکت نہیں کرسکتے۔سیاسی ماہرین ان سفری پابندیوں کو دفعہ370کی یکطرفہ اور غیر قانونی منسوخی کے بعد کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تسلسل کا حصہ قرار دیتے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو منظم انداز میں سلب کرنے کے لئے کئی ظالمانہ پالیسیاں متعارف کرائی ہیں جن میں مناسب نمائندگی کے حق سے انکار، اختلاف رائے کو دبانا اور خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا شامل ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی حکومت متنازعہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو مٹانے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں غیر کشمیریوں کو بسانے میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔بھارت اختلاف رائے کو دبانے اور متنازعہ علاقے پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی خاطر صحافیوں، سیاسی رہنمائوں اور عام لوگوں کو نشانہ بنانے کے لئے شہری آزادیوں کو سلب اورجمہوری اداروں کا استحصال کررہا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ جمہوری اصولوں کے بھی منافی ہیں،جس سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے باشندوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا جارہا ہے۔ بنیادی آزادیوں میں مسلسل کمی کے ساتھ ساتھ کشمیری مسلمانوں پر سفری پابندیاں عائد کرنا اختلاف رائے کو دبانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو کنٹرول کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی کوششوں کاحصہ ہے۔ ان اقدامات سے بھارتی قبضے میں کشمیریوں کو درپیش منظم جبر کی عکاسی ہوتی ہے۔






